Tuesday, 21 June, 2005, 06:32 GMT 11:32 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
عرب ریاستوں میں اونٹ ریس کے لیے انسانوں کے بچوں کی بجائے روبوٹ بچے استعمال کرنے کی تجویز کے بعد اونٹ ریس کے لیے عرب ریاستوں میں سمگل ہونے والے بچے واپس ان کے وطن لوٹائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں بائیس بچوں کی پہلی کھیپ منگل کی صبح پاکستان پہنچ گئی۔
یہ بچے صبح ساڑھے آٹھ بجے لاہور ائیرپورٹ پہنچے۔
واپس آنے والے بچوں کی تعداد پہلے چوالیس بتائی گئی تھی مگر سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے صرف بائیس بچے ہیں پاکستان آسکے۔ باقی بچے آہستہ آہستہ دوسری کھیپوں میں لائے جائیں گے۔
اس دوران اونٹوں کی آپس میں ٹکر کے نتیجے میں بچے زخمی بھی ہوجاتے ہیں اور عمر بھر کے لیے معذوری بھی ان کا مقدر بن سکتی ہے۔
زیادہ تر ان کے بازو اور ٹانگ کی ہڈیاں ٹوٹتی ہے یا ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر بھی ہوسکتاہے۔ان بچوں کی اونٹ ریس میں شمولیت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی جاتی رہی ہے۔
بچوں کی عمریں چھ سے سولہ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں اور ان کی رہائی بچوں کی بہبود کے عالمی ادارے ’یونیسف‘ کے تعاون سے عمل میں آئی ہے۔
صوبائی مشیر برائے تحفظ و حقوق اطفال ڈاکٹر فائزہ اصغر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے یونیسف کے عہدیداروں اور متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ سے بات چیت کی جس کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ تمام بچے بتدریج واپس لائے جائیں گے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ایک افسر موحد حسین کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے کم از کم تین ہزار بچوں کو اکٹھا کر لیا ہے جن میں سے ستر فی صد سے زائد پاکستانی ہیں۔ ان کے علاوہ ان میں بنگلہ دیشی اور بھارتی بچے بھی شامل ہیں۔
اونٹ ریس کا نشانہ بننے والے زیادہ تر بچوں کا تعلق رحیم یار خان اور جنوبی پنجاب کے دوسرے شہروں سے ہے۔
حکومت پنجاب کے ایک افسر زبیر احمد شاد کہتے ہیں کہ پاکستانی بچوں میں سے نوے فی صد بچے رحیم یار خان اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں اور متحدہ عرب امارت میں کئی ایسے بچے بھی ملے ہیں جن کے والدین کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے والدین کو ڈھونڈا جائے گا اور جو بہت غریب ہوئے ان کی مالی امداد بھی کی جائے گی۔ بچوں کو ان کے والدین کے ملنے تک سرکاری تحویل میں رکھا جائے گا اور اس دوران ان کا علاج معالجہ اور نفسیاتی بحالی کا عمل جاری رہے گا۔
زبیر احمد شاد نے ان بچوں کی بحالی کے لیے ریحم یار خان کا دورہ بھی کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ ان خاندانوں سے ملے جن کے بچے اونٹ ریس کے لیے باہر گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان کے بعض قبائل ایسے ہیں جن کے ستر فی صد بچے باہر سمگل ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ انہیں ایک علاقہ ایسا بھی ملا ہے جہاں کے نوے فی صد بچے بیرون ملک جا چکے ہیں اور ان کے نزدیک ان کے بچوں کو واپس بلانا ان کے ساتھ معاشی ناانصافی کے مترادف ہے۔