Saturday, 04 June, 2005, 14:28 GMT 19:28 PST
صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو پاکستان آنے کی اجازت دینے سےظاہر ہوتا ہے کہ کشمیر کےمسئلہ پر بھارتی حکومت کے رویے میں لچک پیدا ہوئی ہے۔
صدر جنرل مشرف نے متحدہ عرب امارات اور قطر کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل اسلام آباد میں ہوائی اڈے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشمیری رہنماؤں کے پاکستان کے دورے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں اعتماد کی بحالی کی طرف یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ یہ رہنما بھارت کے پاسپورٹ اور پاکستانی ویزے کے بغیر اسلام آباد آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے سے یہ بات بھی ظاہر ہوتی ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہی کشمیر کو ایک متنازعہ مسئلہ تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری مذاکرات کو آگے بڑہانے میں مدد ملے گی۔