Thursday, 26 May, 2005, 15:20 GMT 20:20 PST
مبشر زیدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد
پاکستان نے جوہری نمونے آئی اے ای اے ویانا بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی اے ای اے کے ساتھ رضاکارانہ طور پر تعاون کر رہا ہے اور یہ تعاون اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان جوہری ہتھیاروں کا عدم پھیلاؤ روکنا چاہتا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان جلیل عباس جیلانی نے جوہری نمونے آئی اے ای اے ویانا بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی اے ای اے کے ساتھ رضاکارانہ طور پر تعاون کر رہا ہے اور یہ تعاون اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان جوہری ہتھیاروں کا عدم پھیلاؤ روکنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متروک شدہ سینٹریفیوجز کے پرزے بھیجنے سے پاکستان کی سلامتی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گااس لیے پاکستان نے یہ پرزے اپنے ماہرین کے ہمراہ ویانا بھجوائے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی کے مطابق یہ تعاون بعض شرائط کے تحت ہے جسے آئی اے ای اے نے بھی قبول کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پرزے دوران تحقیقات تمام وقت پاکستانی ماہرین کی تحویل میں رہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان پرزوں کا تجزیہ پاکستانی ماہرین کی موجودگی میں ہو گا اور آئی اے ای اے ان تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کرے گی۔