Saturday, 14 May, 2005, 23:45 GMT 04:45 PST
ریاض سہیل
کراچی
کراچی کی ایک عدالت نےآصف زرداری پر قاتلانہ حملے کے مقدمے میں نامزد نواز شریف دور کے احتساب بیورو کے سربراہ سیف الرحمان اور سابق آئی جی سندھ پولیس رانا مقبول کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی ابرار حسین میمن نےانہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
آصف علی زرداری نے چھ سال قبل پیش آنے والے واقعہ کا مقدمہ رہائی کے بعد رواں سال فروری میں درج کرایا تھا۔
عدالت نے یہ حکم سنیچر کے روز مقدمے کی سماعت کے موقع پر دیا۔ مقدمے کے نئے تفتیشی افسر ڈی ایس پی چوہدری اسلم کو مقدمہ کے حتمی چالان کے بارے میں آئندہ سماعت پر عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف زرداری کے دائر کردہ مقدمہ کا عبوری چالان پولیس نے گذشتہ ہفتے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ آغا رفیق احمد کی عدالت میں پیش کیا تھا اور اس میں ملزمان سیف الرحمان، ان کے بھائی مجیب الرحمان، سابق آئی جی سندھ پولیس رانا مقبول، سابق ڈی آئی جی کراچی فاروق امین قریشی اور جیل سپرنٹینڈنٹ نجف مرزا کو عدم گرفتار بتایا گیا۔
پولیس نے مقدمےمیں کوئی گواہ نہیں دکھایا ہے۔ سیشن جج ایسٹ نے مزید کارروائی کے لیے مقدمہ ماتحت عدالت ایڈیشنل سیشن جج کو منتقل کردیا۔
![]() سیف الرحمٰن اس وقت احتساب بیورو کے سربراہ تھے |