Saturday, 30 April, 2005, 20:42 GMT 01:42 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد
صدر جنرل پرویز مشرف نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو پاکستان مسلم لیگ نون کے سخت گیر رہنما نادر پرویز کے بیٹے کے ولیمے میں شرکت کی۔
مسلم لیگ نواز کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جنرل پرویز مشرف کا مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں کسی سماجی تقریب میں رابظہ ہوا ہو۔
حزب اختلاف کے اتحاد، اتحاد برائے بحالئی جمہوریت، اے آر ڈی کے ایک مرکزی رہنما ظفر اقبال جھگڑا کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں صدر مشرف دس پندرہ منٹ کے لیے آئے۔ انہوں نے کھانا نہیں کھایا اور چائے پی کر ہی چلے گئے۔
ان کا کہنا ہے نکہ اس تقریب میں موجود مسلم لیگی رہنماؤں اور اور جنرل پرویز مشرف کے درمیان کسی قسم کی کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں صدر مملکت سے علیک سلیک تک نہیں کی۔
ظفر اقبل کا کہنا تھا کہ راجہ نادر پرویز سابق فوجی اور کمانڈو ہیں اور ان کا سارا خاندان بھی فوجی ہے اس لیے ہو سکتا ہے کہ انہوں نے جنرل پرویز مشرف کو اس حوالےسے مدعو کیا ہو۔