http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 12 April, 2005, 14:39 GMT 19:39 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

چلتن ایکسپریس میں دھماکہ

صوبہ بلوچستان میں سبی کے قریب لاہور جانے والی ریل گاڑی چلتن ایکسپریس میں دھماکہ ہوا ہے جس میں دو فوجیوں سمیت دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ دھماکہ کوئی ساڑھے چار بجے سِبّی سے کوئی پچاس کلومیٹر دور پیشی کے مقام پر ہوا ہے۔

ڈائریکٹر لیویز میجر انجم نے سبی سے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دھماکہ بوگی نمبر چھ کی کے بیت الخلاء میں ہوا۔ زخمیوں میں زیادہ تر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ دو فوجیوں کو گہرے زخم آئے ہیں۔ ان فوجیوں کے نام حوالدار وحید اور حوالدار محفوظ بتائے گئے ہیں۔

میجر انجم نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے سبی تک ریلوے لائن پر حفاظتی انتظامات بہتر کیے جا رہے ہیں۔ اس کے لیے صوبائی حکومت سے کہا گیا ہے کہ لیویز کی تعداد میں اضا فہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ آنے والی اور لاہور جانے والی چلتن ایکسپریس کی دونوں گاڑیوں میں ایک ہی وقت میں علیحدہ علیحدہ دھماکے ہوئے تھے جن میں دو افراد ہلاک اور نو افراد زخمی ہوئے تھے ان میں فوجی اہلکار بھی شامل تھے۔

تین روز پہلے پنجگور میں نا معلوم افراد نے ہوائی اڈے کے راڈار کو نشانہ بنایا تھا جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن فرنٹ کے نمائندے دودا نے ٹیلیفون پر قبول کی تھی۔