Tuesday, 22 March, 2005, 19:00 GMT 00:00 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے ضلع بولان میں کمبڑی پل کے قریب نا معلوم افراد نے گیس پائپ لاین کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
یہ واقعہ رات کوئی گیارہ بجے کے قریب پیش آیا ہے۔ ڈھاڈر پولیس تھانے کے انسپکٹر علی اکبر مگسی نے کہا ہے جس وقت دھماکہ ہوا تو اس سے زبردست شعلہ نکلا لیکن اس کے بعد آگ بجھ گئی ہے۔
دریں اثناء ایک نامعلوم شخص نے ٹیلیفون پر اپنا نام آزاد بلوچ بتایا ہے اور کہا ہے کہ ڈھاڈر کے قریب گیس پائپ لائن پر دھماکے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کر تی ہے۔
کمبڑی پل سبی سے پندرہ کلومیٹر دور ہے جہاں بڑی پائپ لائن گزرتی ہے۔پولیس حکام نے بتایا ہے کہ گیس کی ترسیل متعلقہ پائپ لائن سے روک دی گئی ہے اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ علاقہ لیویز یا علاقائی پولیس کے زیر اثر بتایا گیا ہے۔ ڈھاڈر میں لیویز تھانے کے اہلکار نے کہا ہے کہ اس بارے میں تفتیش ہو رہی ہے۔