Thursday, 10 March, 2005, 12:52 GMT 17:52 PST
پاکستان کے وزیر اطلاعات شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کے جوہری سائنسدان اور ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایران کو سینٹریفیوجز فراہم کئے تھے۔
تاہم انھوں نے کہا کہ ان سینٹریفیوجز کی تعداد کا انہیں علم نہیں اور نہ ہی پاکستانی حکومت ان سینٹریفیوجز کی فراہمی میں ملوث ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر نے یہ کام اپنی انفرادی حیثیت میں کیا اور ان کے اس فعل سے پاکستانی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس سے قبل بھی حکومت پاکستان کہتی رہی ہے کہ جوہری سائنسدان نے شمالی کوریا، لیبیا اور ایران کو جوہری راز فراہم کیے ہیں تاہم اس کی تفصیل پہلے کبھی منظر عام پر نہیں آئی۔