Sunday, 20 February, 2005, 15:02 GMT 20:02 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پنجاب کے جنوبی شہر رحیم یار خان کے نزدیک ایک مال گاڑی کے پٹٹری سے اترنے سے لاہور اور کراچی کے درمیان ٹرینوں کی آمد ورفت بیس گھنٹے تک معطل رہی۔
ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں تاہم فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ ہے ؟
یہ ٹرین کراچی سے فاسفیٹ لیکر سمہ سٹہ جارہی تھی۔ ریلوے کے سکھر کے چیف کنٹرولر حاجی عزیز نے بی بی سی کو بتایا کہ آدم سمابا اور رحیم یار خان ریلوے سٹیشن کے درمیان کل رات دس بجے یہ مال گاڑی پٹٹری سے اترگئی جس سے اس ٹرین کی انیس کے قریب بوگیوں کو نقصان پہنچا اور ٹرین کا گارڈ زخمی ہوگیا۔
اس حادثے کی وجہ سے لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی تیس کے قریب ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں ،جو اپنے مسافروں سمیت مخلتف ریلوے سٹیشنوں یا راستے میں کھڑی رہیں۔
ریلوے کے عملے کا کہنا ہے بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ پٹٹری کی فش پلٹیں (پٹٹری کی دو لائینوں کو آپس میں ملانے والے تختے) غائب تھے جس کی وجہ سے ٹرین پٹٹری سے اتر گئی ۔
ریلوے کے عملے نے صبح سات بجے تک سنگل ٹریک چلا دیا تھا جبکہ اب سے کچھ دیر پہلے ٹریفک مکمل طور پر بحال ہو سکی ہے۔