Saturday, 22 January, 2005, 09:48 GMT 14:48 PST
کوئٹہ میں سنیچر کی صبح بلوچستان یونیورسٹی کے قریب ایک زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں بعض ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
اس دھماکہ کے نتیجے میں بلوچستان یونیورسٹی کے احاطے سے گزرنے والی ریلوے کی پٹری میں چار فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
بلوچستان یونیورسٹی میں آج کل عیدالاضحی کی تعطیلات ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی نے دھماکے کے لئے ’دہشت گردوں‘ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
ان کا کہنا تھا: ’وہ دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے عید کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریلوے کی پٹری پر بم نصب کرکے لوگوں کی مشکلات پیدا کیں۔‘
دھماکے کے فوری بعد ریلوے کے حکام نے کوئٹہ آنے اور جانے والی ٹرینوں کی آمد و رفت بند کردی گئی۔ لیکن ریلوے کی پٹری کی مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی ہے۔
دھماکے کی وجہ سے بعض ٹرینوں کی آمد و رفت چند گھنٹوں کے لئے متاثر ہوئی۔ پولیس کے حکام نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ حالیہ مہینوں میں سوئی گیس کے معاملے سے بلوچ قوم پرست تنظیمیں سرگرم ہیں۔