http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 05 January, 2005, 16:59 GMT 21:59 PST

علی سلمان
بی بی سی ڈاٹ کام لاہور

ہندوؤں کا مطالبہ منظور

حکومت پنجاب نے لاہور میں شمشان گھاٹ کے قیام کے پاکستانی ہندوؤں کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرلیا ہے اور ہندوؤں کے مردوں جلانے کے لیےدریائے راوی پر ایک شمشان گھاٹ قائم کیا جارہا ہے۔

لاہور میں انتقال کرنے والے ہندوؤں کی لاشوں کواگرچہ دریائے روای کے کنارے ہی جلا دیا جاتا ہے لیکن پورے صوبے میں اس کام کے لیے کوئی باقاعدہ شمشان گھاٹ نہیں ہے۔

سرکاری ترجمان کے مطابق بدھ کو ہندو برادری کے پانچ اراکین نے پاکستان بالمک سبھا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منور چند کی قیادت میں پنجاب کے صوبائی وزیراوقاف سے ملاقات کی اس ملاقات کے دوران اس وفد کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان کی ہندو برادری لاہور میں مناسب مقام پر ششمان گھاٹ کے قیام کے لیے طویل عرصہ سے جو مطالبہ کر رہی تھی وہ اب پورا کر دیا گیا ہے اور لاہور کی ضلعی حکومت نے شمشان گھاٹ کے لیےسگیاں پل کے نزدیک ایک قطعہ اراضی کی نشاندہی بھی کردی ہے۔

وفد کو بتایاگیا کہ لاہور میں راوی روڈ پر قائم کرشنا مندر کی تزئین و آرائش کا پراجیکٹ بھی شروع کر دیا گیا ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔