http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 02 January, 2005, 21:52 GMT 02:52 PST

علی سلمان
بی بی سی ڈاٹ کام لاہور

سابق ایم این اے سمیت چار ہلاک

پاکستانی پنجاب کے شہر گجرات کے نزدیک مسلح افراد نے فائرنگ کرکے حکمران مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی سید منظور حسین شاہ اور ان کے تین ساتھیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔

منظور حسین شاہ اپنی گاڑی پر گجرات سے کوئی پندرہ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک قصبہ لالہ موسی کے گلیانہ چوک سے گزر رہے تھے کہ وہاں پہلے سے ان کے انتظار میں موجود بغیرنمبر پلیٹ کی سفید کار میں سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے منظور حسین شاہ ان کے ڈرائیور اشرف اور دو ساتھی، غلام علی اور محمد اقبال، جو ان کے گن مین بتائے جاتے ہیں، موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ بجلی کے تار بھی ٹوٹ کر گر گئے۔

گجرات کے ضلعی پولیس افسر راجہ منور نے بتایا ہے کہ رات گئے تک ان کے ورثا نے ایف آئی آر درج نہیں کرائی تھی اور نہ کسی ملزم کو نامزد کیا تھا لیکن ان کا کہنا تھا کہ چوہرے قتل کی یہ واردات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ منظور حسین شاہ کے جوان بیٹے کو بھی آٹھ سال قبل ایک مکان کے تنازعہ پر قتل کر دیا گیا تھا۔شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے سید منظور حسین دوبار گجرات سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں اور ان کا چودھری برادران سے خصوصی تعلق تھا۔