http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 30 December, 2004, 05:07 GMT 10:07 PST

مبینہ پاکستانی پناہ گزین آسٹریلیا بدر

آسٹریلیا میں چار سال تک سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مبینہ پاکستانی خاندان کو پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔

آٹھ افراد پر مشتمل اس خاندان کا دعوی ہے کہ اس کا تعلق افغانستان کی ہزارہ قوم سے ہے اور ملک کی شیعہ اقلیت ہونے کی وجہ سے اس وقت کی طالبان حکومت نےانہیں اذیت کا نشانہ بنایا تھا۔

تاہم آسٹریلیا کی حکومت کا اصرار تھا کہ یہ لوگ غلط بیانی کر رہے ہیں اور اصل میں پاکستانی ہیں۔

علی اور رقیہ بختیاری چار سال تک سیاسی پناہ کی جنگ لڑتے رہے ہیں لیکن آسٹریلین امیگریشن حکام کو قائل نہ کر سکے۔ ان کے دو بیٹوں نے دو سال قبل کیمپ سے فرار ہوکر میلبورن میں برطانوی ہائی کمیشن سے پناہ مانگی تھی۔

اس خاندان کو دو ہفتے قبل ملک کے جنوب میں منتقل کر دیا گیا تھا تاکہ وہاں سے انہیں خفیہ طور پر ڈی پورٹ کیا جا سکے۔