Saturday, 11 December, 2004, 17:06 GMT 22:06 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
متحدہ قومی موومنٹ نے بیس دسمبر کو کراچی میں سیاسی جماعتیں اور ضابطہ اخلاق کے موضوع پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے جس میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
ایم کیوایم کے سربراہ الطاف حسین نے پانچ دسمبر کو نشترپارک میں منعقدہ جلسۂ عام سےخطاب کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے لئے ضابطہ اخلاق کی ضرورت پر زور دیا تھا اورگول میزکانفرنس کی تجویزپیش کی تھی۔ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد اسی سلسلےمیں کیا جارہا ہے۔
ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افہام وتفہیم، برداشت، تحمل اور رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول میں موجود کدورتوں کو دور کیا جائے اور اعتماد کی فضا قائم کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ کسی دوسرے کو غداری اور محب الوطن ہونے کا سرٹیفکیٹ دینے کا سلسلہ ختم کر دیا جائے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عام طور پر اس طرح کی کانفرنس کی تجویز اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پیش کی جاتی ہے لیکن ایم کیو ایم اپنا سیاسی کردار بخوبی ادا کررہی ہے اور اس کانفرنس میں ملک بھر کی جماعتوں کومدعو کیا جائے گا۔