Monday, 25 October, 2004, 14:33 GMT 19:33 PST
پاکستان میں سعودی سفیر کا کہنا ہے ان کے نائب کی رہائش گاہ پر موصول ہونے والے ایک پارسل سے چار گرینیڈ اور ایک خط برآمد ہوا ہے جس میں انہیں ملک چھوڑنے کی دھمکی کی گئی ہے۔
اس پراسرار پارسل کو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی طرف سے بھیجے جانے والے ایک گفٹ پیک کی شکل دی گئی تھی۔
سعودی سفیر علی اودھ عصری نے امریکی خبررساں ادارے ایسوس ایٹڈ پریس کو بتایا کہ یہ پارسل سعودی مشن کے نائب عبداللہ العمری کی رہائش گاہ پرجمعرات کے روز موصول ہوا تھا۔
ابھی تک کسی تنظیم نے بھی یہ پیکٹ بھیجنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
سعودی سفیر کے مطابق پاکستانی سکیورٹی ایجنسیوں کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے اور ان کی مدد سے دستی بموں کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
سعودی سفیر کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سعودی سفارتکاروں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔