http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 15 October, 2004, 14:57 GMT 19:57 PST

ذوالفقار علی
مظفر آباد

ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جمعرات کی رات مٹی کا تودا گرنے سے ایک ہی گھر کے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے درالحکومت مظفرآباد سے پچیس کلو میٹر دور شمال مشرق میں وادی نیلم میں ایک گھر مٹی کا تودا گرنے سے زمیں بوس ہو گیا۔

پولیس نے بتایا کہ اہل خانہ سو رہے تھے جب ان کے گھر کے نیچے سے مٹی کا تودا سرک گیا اور تین بچوں اور تین عورتوں سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے نو کے نو افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والی ایک عورت اور ایک لڑکی کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔