Tuesday, 12 October, 2004, 06:55 GMT 11:55 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام،اسلام آباد
پاکستان نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے غوری میزائیل حتف پانچ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائیل جو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس میزائل کا تجربہ منگل کی صبح پاکستان میں ایک نامعلوم مقام پر کیا گیا۔
فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے’آئی ایس پی آر‘ کے بیان کے مطابق اس تجربے کے متعلق پڑوسی ممالک کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔
پاکستان نے رواں سال مئی کے آخر میں بھی غوری میزائیل کا اس وقت ایک تجربہ کیا تھا جب بھارت میں نئی حکومت قائم ہوئی تھی۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے میزائیلوں کی کارکردگی بہتر بنانا چاہتے ہیں اور آج کا تجربہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ حتف پانچ میزائیل پندرہ سو کلومیٹر کے فاصلے تک جوہری مواد سمیت ہر قسم کا دھماکےدار مواد کے ساتھ کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔
پاکستان اور بھارت وقت بوقت اپنے میزائیلوں کے تجربے کرتے رہتے ہیں جس کا سبب وہ فنی وجوہات بتاتے ہیں۔ بھارت نے گزشتہ جولائی میں اگنی میزائیل کا ایک تجربہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے انیس سو اٹھانوے کے بعد سے غوری اور شاہین میزائیلوں کے کئی تجربات کیے ہیں۔