http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 29 September, 2004, 05:12 GMT 10:12 PST

پاکستان میں دو عربوں کی تلاش

پاکستان میں سینیئر سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ امجد فاروقی کی ہلاکت کے بعد سے ملک میں ان کے ساتھیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب انہیں ان کے دو عرب نژاد ساتھیوں کی تلاش ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پشاور اور دیگر حصوں سے کئی لوگ گرفتار کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امجد فاروقی کا القاعدہ سے رابطہ لیبیا کے ایک باشندے ابو فراج کے ذریعے تھا۔

ابو فراج کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ اب وہ قبائلی علاقے میں کہیں روپوش ہیں اور ان کا پاکستانی انتہا پسندوں سے رابط منقطع ہے۔

حکام کو ایک مصری باشندے حمزہ عربی کی بھی تلاش ہے جو مبینہ طور پر پاکستان کی سر زمین کو دیگر ممالک میں القاعدہ کی کارروائیوں کے لیے استعمال کرتے رہے تھے۔