http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 10 September, 2004, 07:41 GMT 12:41 PST

ڈاکٹر بھائیوں پر فرد جرم عائد

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کراچی کے دو ڈاکٹر بھائیوں اکمل وحید اور ارشد وحید پر القاعدہ اور جنداللہ کے مبینہ ارکان کی مدد کرنے کے الزام پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے کور کمانڈر پر حملے اور بلوچ پُل پر رینجرز پر حملے میں انہوں نے ملزمان محمد قاسم اور شہزاد باجوا کا علاج کیا اور دونوں نے القاعدہ اور جنداللہ کے مبینہ ارکان کو وانا میں تربیت بھی دلائی۔

فرد جرم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں نے مبینہ دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کی مالی امداد کی اور القاعدہ کے مبینہ ارکان ابو مصباح، گل حسن اور حشام ثانی کو پناہ دی۔

تاہم دونوں ملزمان اکرم وحید اور ارشد وحید نے اپنا جرم قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ عدالت نے چودہ ستمبر کو استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔

ادھر سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم حرکت المجاہدین العالمی کے کراچی کے انچارج عرفان خالد کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔