Sunday, 05 September, 2004, 10:49 GMT 15:49 PST
علی سلمان
لاہور
حکمران جماعت مسلم لیگ پنجاب کے جنرل کونسل کے اجلاس میں صدر جنرل پرویز مشرف کے وردی میں رہنے کے حق میں ایک قرار داد منظور کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ ایک عہدہ رکھنے کے حوالے سے کسی پراپیگنڈہ سے متاثر ہو کر قطعی طور پر وردی نہ اتاریں ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ پرویز مشروف وردی کے ساتھ اس ملک کے صدر بھی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ صدر کے وردی میں رہنے کے لیے ہر محاذ پر قانونی و سیاسی جنگ لڑیں گے اور پنجاب اسمبلی سے بھی ان کے وردی میں رہنے کے حق میں قرارداد منظور کرائی جائےگی۔
جنرل کونسل کا یہ اجلاس مسلم لیگ پنجاب کے عہدیداروں کے چناؤ کے لیے بلایا گیا تھا ۔اجلاس میں وزیر اعلی پرویز الہی کو پنجاب کا صدر اور صوبائی وزیر مواصلات چودھری ظہیر احمد کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے ۔