Wednesday, 25 August, 2004, 07:27 GMT 12:27 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
صوبہ سرحد میں پولیس کا کہنا ہے کہ اکوڑہ خٹک کے قریب کل رات نامعلوم افراد نے بم نصب کر کے ریلوے لائن کو تباہ کر دیا جس سے پشاور کا ملک کے دیگر حصوں سے ریل کے ذریعے رابطہ کئی گھنٹوں تک معطل رہا۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے کل رات اکوڑہ خٹک کے قریب ریلوے لائن پر ایک طاقتور بم نصب کیا جوکہ کوئٹہ جانے والی ریل گاڑی کے گزرنے سے تقریبا بیس منٹ قبل پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق یہ ٹائم بم تھا جس سے زمین میں تین فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔
اطلاع ملنے پر ریلوے ٹریفک معطل کر دی گئی اور مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔ مرمت رات گئے مکمل کر لی گئی جس سے کوئٹہ ایکسپریس کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد رات دو بجے روانہ ہوئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔