http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 03 August, 2004, 07:47 GMT 12:47 PST

ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

شفاء بخش چشمے خشک

صوبہ سرحد کا شمالی شہر ایبٹ آباد اپنے خوشگوار موسم، بہترین تعلیمی اداروں کے علاوہ ایک مسجد کے لیے بھی مشہور ہے۔ الیاسی مسجد کی خصوصیت یہاں پھوٹنے والا ایک چشمہ ہے۔ لوگ دور دور سے اس چشمے کے پانی سے نہا کر صحتیاب ہونے کے لیے آتے ہیں لیکن گزشتہ چند برسوں سے یہ چشمہ سوکھ ساگیا ہے۔

عبدالقدوس سانگھڑ سے آئے ہوئے تھےاور نہانے کے لیے ایک لمبی قطار میں اپنےنمبر کا انتظار کر رہے تھے۔

ان سے پوچھا کہ اتنے سرد پانی سے نہا کر وہ کیا شفاء حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی اس مسجد کے بارے میں کافی عرصے سے سنا ہوا تھا لہذا اب کی بار جب ایبٹ آباد آئے تو ادھر بھی آگئے۔ ’سنا ہے اس پانی سے صحت ملتی ہے اسی لیے نہا رہا ہوں۔‘

خواتین کے لیے الگ استفادہ کرنے کی باپردہ جگہ بنائی گئی ہے۔ لیکن وہ بھی آج کل اجڑی پڑی ہے۔

مسجد کے باہر ایک بڑا تالاب بھی خشک پڑا ہے۔ کسی زمانے میں اس میں لوگ کشیاں چلایا کرتے تھے لیکن اب نہیں۔

اس مشکل کا حل مسجد کی انتظامیہ نے تین انچ کے ٹیوب ویل نصب کرنے سے نکالا ہے۔ لیکن کئی زائرین اب بھی اس سے بے نیاز کہ یہ سرد پانی اصلی چشمے کا ہے یا نہیں اس سے نہاتے نظر آتے ہیں۔

محبوب الرحمان کا کہنا تھا کہ اس مسجد کے ساتھ مدرسہ بھی ہے پھر نمازیوں کے وضو اور اردگرد کے لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ٹیوب ویل لگانا انتہائی ضروری تھا۔

مسجد کے منتظمین اور زائرین کو امید ہے کہ یہ قدرتی چشمے ضرور ایک مرتبہ پھر بھر آئیں گے جس سے یہ مسجد اپنی انفرادیت بھی برقرار رکھ سکے گی۔