http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 23 July, 2004, 15:05 GMT 20:05 PST

گورنر کی بگٹی سے ملاقات

بلوچستان کے گورنر اویس احمد غنی نے صوبے کے بعض علاقوں میں متوقع فوجی آپریشن سے قبل جمعہ کو ڈیرہ بگٹی میں بلوچ قبائلی رہنما اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب محمد اکبر خان بگٹی سے ملاقات کی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں متوقع فوجی آپریشن سے قبل حکومت سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کو اعتماد میں لینے کے لیے کوشاں ہے اور یہ ملاقات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ملاقات میں صوبائی گورنر نے نواب بگٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکزی حکومت ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے گی اور مقامی لوگوں کو گیس کمپنیوں میں روزگار دلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئی فوجی چھاؤنیاں بنانے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

ملاقات کے موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ صوبے میں نئی فوجی چھاؤنیوں کے قیام سے صوبے میں ترقی نہیں آئے گی۔ بقول نواب بگٹی بلوچستان کے قوم پرست رہنما ترقی کے ہرگز مخالف نہیں لیکن مرکزی حکومت گوادر اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے مقامی آبادیوں کو اقلیتوں میں تبدیل کرنے میں سرگرم عمل ہے جو ان کے لیے ناقابل قبول ہے۔