Tuesday, 06 July, 2004, 00:52 GMT 05:52 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پاکستانی حکام نے دعوی کیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں شکئی کے علاقے میں آباد چار قبائل سے ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت ان قبائل نے القاعدہ کے ارکان کو پناہ نہ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حکام کے مطابق اس پانچ نکات پر مشتمل معاہدے میں ان قبائل نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ علاقے میں موجودی پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے اور تمام مطلوبہ افراد کو حکام کے حوالے کر دیں گے۔
شکئی کے علاقے کو القاعدہ کے مبینہ ارکان کی کارروائیوں کو مرکز تصور کیا جاتا ہے۔
اس معاہدے پر قبائیلی رہنماوں کی طرف سے نیک محمد نے دستخط کئے تھے۔ نیک محمد کو چند ہفتوں بعد پاکستانی فوج نے مبینہ طور پر امریکی فوج کی مدد سے میزائیل کے ایک حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔
اس تازہ معاہدے کے تحت قبائلیوں نے گارنٹی کے طور پر کچھ رقم دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
اگر اس معاہدے پر عمل ہو گیا تو یہ قبائلی علاقوں کو شدت پسندوں سے پاک کرنے کےلیے کی جانے والی حکومتی مہم کی ایک بڑی کامیابی تصور کی جائے گی۔