Monday, 14 June, 2004, 07:23 GMT 12:23 PST
شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک کے مقام پر ایک بم دھماکے میں ملیشیا کی گاڑی میں سوار نیم فوجی دستوں کے تین اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بچ کر تیس منٹ پر ہوا۔
ہلاک ہونے والوں میں صوبیدار یار محمد آفریدی، ڈرائیور بنارس اورکزئی اور سپاہی تاج محمد آفریدی شامل ہیں۔ یہ تینوں موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔
زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خیال ہے کہ یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا تھا لیکن حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے اور کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اس ضمن میں حتمی بیان جاری کیا جائے گا۔