http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 08 June, 2004, 14:43 GMT 19:43 PST

سیف اللہ
لاہور

سینما مالکان نے ہڑتال ملتوی کردی

حکومتی یقین دہانیوں کے بعد بھارتی فلموں کی درآمد کے معاملے پر اعلان شدہ ہڑتال کو ملتوی کر دیا گیا۔

سنیما مالکان نے یہ اعلان وفاقی وزیر اطلاعات شیخ رشید اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد کیا۔

سنیما مالکان کے نمائندگی زوریز لاشاری اور میاں امجد فرزند نے کی۔

اطلاعات کے مطابق شیخ رشید نے سنیما مالکان کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت بننے والی شکایت کمیٹی میں سنیما مالکان کو نمائندگی دی جائے گی۔

اس سے پہلے پنجاب حکومت نے سنیما مالکان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں تفریحی ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی۔

سینما مالکان نے دھمکی دی تھی کہ اگر حکومت نے بھارتی فلموں کی درآمد کی اجازت نہ دی تو صوبہ بھر کے سینما گھر گیارہ جون سے ہڑتال پر چلے جائیں گے۔

سنیما مالکان کی طرف سے کئے گئے مطالبات میں پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت، غیر قانونی فلموں کا کاروبار کی روک تھام اور پنجاب میں تفریحی ٹیکس کا خاتمہ شامل ہیں۔