آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بہار آ گئی، اب سیاحوں کا انتظار
- مصنف, ایم اے جرال
- عہدہ, صحافی
- وقت اشاعت
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہر طرف سبزہ اور پھول کھل رہے ہیں جس کی خوشبو نے فضا کو معطر کر دیا ہے۔
اس خطے کے بالائی علاقوں میں گزشتہ کچھ ماہ سے وقفے وقفے سے جاری برف باری کے باعث اس مرتبہ پچھلے برس کے مقابلے زائد عرصے تک موسم سرد رہنے کے بعد اب ہر طرف بہار کی آمد ہے۔
موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی ہر طرف درختوں پر رنگ برنگے پھول جبکہ بلندی پر موجود وسیع سر سبز میدانوں میں کھلنے والے قدرتی پھول ہر فرد کے لیے قابل دید ہیں۔
بہار کے موسم میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہروں کی نسبت مضافاتی علاقوں خصوصاً دیہاتوں کے مناظر زیادہ دلکش اور دماغ کو تروتازہ کر دیتے ہیں۔
ان فرحت بخش اور مسرور کن نظاروں سمیت قدرتی حسن کو دیکھنے کے لیے پاکستان اور بیرون ملک مقیم افراد ہر سال اس خطے کا رخ کرتے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں موسم بہار کا آغاز عموماً کچھ دیر سے ہوتا ہے۔ میدانی علاقوں میں آج کل موسم بہار عروج پر ہے جبکہ بالائی علاقوں کے کچھ مقامات پر اب بھی برف موجود ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہر موسم ہی سیاحوں کے لیے پرکشش ہوتا ہے مگر برف پوش اور جنگلات سے بھرے پہاڑوں کے دامن میں کھلنے والے بہار کے پھول اس وادی کو جنت میں تبدیل کر دیتے ہیں۔
بہار کے رنگ دیکھنے کے لیے آنے والے سیاح اگر دارالحکومت مظفرآباد سمیت مضافاتی علاقوں سریاں، شہد گلی، پترینڈ، براراکوٹ ،لوہار گلی، ائیر پورٹ، پیر چناسی روڈ، جہلم ویلی روڈ کا رخ کریں تو وہ بہار کے دلفریب مناظر سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس مرتبہ اس خطے کی حکومت نے وادی کشمیر کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے بہار کے آغاز کے ساتھ ہی سرینگر میں قائم گل لالہ کے باغ کی طرز پر مظفرآباد میں ایک باغ قائم کیا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے اس خطے میں سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر پہلی مرتبہ سیاحتی پالیسی کو مرتب کیا ہے تاکہ سیاحت کو بطور انڈسٹری پروان چڑھایا جا سکے۔
۔