#AskDanish: دانش کنیریا کے پاس ’کوئی ذریعہ آمدن نہیں‘

وقت اشاعت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر دانش کنیریا نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ان پر لگائی گئی تاحیات پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ انھوں نے جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے #AskDanish کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔

دانش کنیریا اور ان کے فینز کے درمیان اتنے سوال جواب ہوئے کہ یہ ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

دانش کنیریا کا کریئر سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی زد میں آ کر ختم ہوا۔ ان کے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ نے ان پر مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کے لیے ساتھی کرکٹرز کو ترغیب دینے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔

دانش کنیریا چھ سال تک سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے تھے تاہم گذشتہ سال اکتوبر میں انھوں نے الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سپاٹ فکسنگ کے لیے ساتھی کرکٹرز کو پیشکشیں دینے کا اعتراف کر لیا تھا۔

زیادہ تر صارفین نے دانش کنیریا سے ان کی پیشہ ورانہ زندگی اور دلچسپیوں کے بارے میں سوالات کئے۔

بلال شیخ نامی ٹویٹر صارف کے سوال کے جواب میں دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ماضی کی بات پر قائم ہیں کہ میچ فکس کرنے والے اور ملک کو بیچنے والے کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا، لیکن انھوں نے کبھی ملک کا سودا نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیے

دانش کنیریا سے جب ان کی آمدن کے ذریعے سے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ اُن کا اس وقت کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے۔

’اسی لیے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کرتا ہوں کہ مجھ پر پابندی کو ختم کیا جائے۔‘

اسد بخاری نامی صارف نے جب پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد آصف کے بارے میں سوال پوچھا تو جواب دیتے ہوئے دانش کنیریا نے کہا کہ محمد آصف نئی بال سے بولنگ کرنا جانتے ہیں اور انھیں دوبارہ کھیلنا چاہیے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف انوراگ سونی نے جب ان سے پوچھا کہ کیا وہ گجراتی زبان پڑھنا، لکھنا اور بولنا جانتے ہیں تو دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ وہ گجراتی بول تو سکتے ہیں تاہم لکھ یا پڑھ نہیں سکتے ہیں۔

مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اُن پر عائد کی گئی ’غیر اخلاقی‘ پابندی ہٹانے کے حوالے سے کچھ کرے گا اور وہ اُس کا انتظار کر رہے ہیں۔

دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ کرکٹ وہ واحد چیز ہے جس کے بغیر وہ جینے کا تصور نہیں کرتے اور ان کے لیے یہ وقت بہت تکلیف دہ ہے۔

پاکستان سے محبت اور انڈیا نقل مکانی کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے بہت محبت کرتے اور انھوں نے کبھی بھی انڈیا منتقل ہونے کا ارادہ نہیں کیا۔

#AskDanish کے ہیش ٹیگ کے ساتھ علی ریاض نامی صارف کے سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ انڈیا کے بلے باز وراٹ کوہلی ان کے پسندیدہ بلے باز ہیں۔

یادگار وکٹوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ انڈیا کے شہر موہالی میں کھیلے جانے والے یادگار میچ میں وریندر سیہواگ کو بھی آؤٹ کر چکے ہیں تاہم ان کی زندگی کی یادگار وکٹ سچن ٹنڈولکر کی تھی۔

"انو" کے نام سے ایک صارف نے دانش کنیریا سے پاکستان میں عوام کی جانب سے متعصب کے برتاؤ کے بارے میں سوال پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ ان سے بہت پیار کرتے ہیں اور انھیں کبھی تعصب کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔

اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے دانش کنیریا نے کہا کہ وہ انضمام الحق کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بہترین کپتان سمجھتے ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم موجودہ کھلاڑیوں میں ان کے پسندیدہ بلے باز ہیں اور محدود اوورز کے کھیل میں بیٹسمین کے لیے انڈیا کے روہت شرما جبکہ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر موجودہ بین الاقوامی کھلاڑیوں میں ان کے پسندیدہ لیگ سپنر ہیں۔

ٹوئٹر صارف عمر نادر نے جب دانش کنیریا سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بارے میں رائے مانگی تو ان کا کہنا تھا کہ ملک ان کی قابل قیادت میں ضرور ترقی کرے گا۔

دانش کنیریا کا کریئر

واضح رہے کہ دانش کنیریا نے 61 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 261 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولرز میں وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔

دانش کنیریا نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں سب سے زیادہ 120 وکٹیں انضمام الحق کی قیادت میں حاصل کیں۔

ان کی موجودگی میں پاکستان نے 23 ٹیسٹ میچ جیتے جن میں وہ 120 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔