لورالائی میں کارروائی چار شدت پسند ہلاک

وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی ایک کاروائی میں ایک کالعدم مذہبی شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ کارروائی ناصر آباد کے علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ مارے جانے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

اس سلسلے میں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق یہ کارروائی آپریشن رد الفساد کے تحت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن علی الصبح خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔

ان کے مطابق جیسے ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا تو شدت پسندوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

انھوں نے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے ان پر فائرنگ کے علاوہ دستی بم پھنیکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز نے ٹھکانے پر موجود چار شدت پسندوں کو ہلاک کیا جن میں دو خود کش بمبار بھی شامل تھے۔

اسی بارے میں

فائرنگ کے تبادلے میں چار سیکورٹی اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے شدت پسندوں کے ٹھکانے سے ہتھیار، خود کش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور دیگر اشیا برآمد ہونے کے علاوہ ان لیویز اہلکاروں کے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے جو کہ چند روز قبل ضلع زیارت کے علاقے سنجاوی میں مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ضلع زیارت کے علاقے سنجاوی میں مسلحافراد کے ایک حملے میں لیویز فورسز کے چھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔