http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 16 January, 2009, 16:33 GMT 21:33 PST

عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

سوات تشدد میں پانچ ہلاک

صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے تشدد کے مختلف واقعات میں پانچ لوگوں کو ہلاک کردیا ہے۔

دوسری طرف مسلح افراد نے سوات میں صوبہ سرحد کی حکمران جماعت، عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنماء خان عبدالولی خان کی رہائش گاہ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کو نامعلوم مسلح افراد نے قمبر کے علاقے میں فائرنگ کرکے ایک ریٹائرڈ انسپکٹر شریف اور ارسلان نامی ایک اور شخص کو قتل کردیا ہے۔
سوات ہی کے منگلور میں ایک ٹریفک سپاہی امیر زیب اور ایک نوجوان رشید علی کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔اسکے علاوہ چہار باغ میں بھی ایک شخص کو قتل کیا گیا۔

دوسری طرف حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے سوات کے ترات میں واقع صوبہ سرحد کی حکمران جماعت عوامی نینشل پارٹی کے مرحوم رہنماء خان عبدالولی خان کی رہائش گاہ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی ہے۔

سرکاری اہلکار کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شب کو پیش آیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکے کی وجہ سے رہائش گا کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔سوات کے فتح پور اور مدین کے درمیان دریائے سوات کے کنارے واقع اس رہائش گا ہ میں مرحوم خان عبدالولی خان گرمیوں کے دوران قیام کرتے تھے۔ ابھی تک کسی نے بھی ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

سوات میں عوامی نینشل پارٹی کے کارکن اور عہدیدار مبینہ طور پر طالبان کے نشانے پر ہیں اور کئی افراد کو ہلاک جبکہ بعض کے گھروں اور حجروں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔