Monday, 25 December, 2006, 03:58 GMT 08:58 PST
عراقی وزیر داخلہ جواد بولانی نے کہا ہے کہ مارچ دوہزار تین میں عراق پر امریکی حملے کے بعد سے اب تک بارہ ہزار پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے مارے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عراق میں پولیس اہلکاروں کی تعداد ایک لاکھ نوے ہزار ہے۔
اس سے قبل اتوار کے روز بغداد کے شمال میں ایک پریڈ کے دوران خودکش حملے میں سات پولیس اہلکار ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے تھے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ خطرے کے باوجود نوجوان عراقی پولیس میں بھرتی ہوتے ہیں کیونکہ عراق میں روزگار کے مواقع کم ہیں۔
پولیس والے اکثر حملوں کا نشانہ بنتے ہیں۔ اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس محکمۂ میں مزاحمت کار داخل ہوچکے ہیں۔
عراق میں بڑھتے ہوئے تشدد کے پیش نظر امریکہ اب عراق کے بارے میں اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کر رہا ہے۔
امریکی فوج کے مطابق سینچر کے روز مختلف حملوں میں اس کے چھ فوجی مارے گئے تھے۔