Sunday, 12 March, 2006, 17:05 GMT 22:05 PST
عراق میں وزارت داخلہ کے حکام نے کہا ہے کہ بغداد میں تین کار بم دھماکوں میں کم سے کم چھتیس افراد کی ہلاکت کے ساتھ اتوار کو ہلاک ہونے والوں کی تعداد 66 تک پہنچ گئی ہے۔
تقریباً ایک ہی وقت میں ہونے والے یہ دھماکے صدر شہر کے شیعہ آبادی والے علاقے کے دو بازاروں میں ہوئے اور ان میں بانوے افراد زخمی بھی ہوئے۔
پہلے دو دھماکے الہ نامی بازار میں ہوئے جبکہ تیسرا دھماکہ کیارا کے بازار میں ہوا۔ پولیس کے مطابق انہیں بازار میں چوتھا بم بھی ملا تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔
بغداد میں تشدد کے دیگر واقعات میں انیس لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ چھ عراقی شہری اس وقت مارے گئے جب امریکی فوجی قافلے کے نزدیک ایک پٹرول بم پھٹا۔گیارہ افراد کی ہاتھ بندھی لاشیں جنوبی بغداد کے علاقے سے ملیں جبکہ دو افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب ایک مارٹرگولہ ان کے گھر پر آ گرا۔
دریں اثنا اتوار کو عراق کے معزول صدر صدام حسین اور سات دیگر افراد کے خلاف قتل عام کے مقدمہ میں دس روز کے وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہو گئی۔