Friday, 03 March, 2006, 02:00 GMT 07:00 PST
امریکہ کے صدر جارج بُش نے بھارت کے ساتھ جس متنازعہ جوہری معاہدے پر دستخط کیے ہیں اس پر امریکی کانگریس میں تنقید کی گئی ہے جس کی منظوری کے بغیر اس پر عمل نہیں کیا جا سکے گا۔
کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں نے کہا ہے کہ اس معاہدے سے ایران اور شمالی کوریا جیسے ممالک پر جو جوہری عزائم رکھتے ہیں دباؤ ڈالنے کی کوششیں متاثر ہوں گی۔
صدر بُش کی اپنی جماعت رپبلکن پارٹی کے ارکان نے بھی اس معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ اس معاہدے کو بھارت کے ساتھ نئی شراکت کا اہم ستون سمجھتی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ صدر بُش بھی بھارت سے پاکستان روانہ ہونے سے قبل یہی بات کریں گے۔
معاہدے کی رُو سے بھارت کو عسکری اور شہری پروگرام علیحدہ رکھنے کی ضمانت دینے اور محدود پیمانے پر عالمی مانیٹرنگ قبول کرنے پر امریکی جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔