http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 03 February, 2006, 21:07 GMT 02:07 PST

’ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں‘

بھارتی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان سوروگنگولی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت اچھا کھیل پیش کررہے ہیں اور جب تک انہیں موقع دیا جائے گا وہ کھیلتے رہیں گے۔

سوروگنگولی کو اپنے دورہ پاکستان کے دوران صرف کراچی میں بلے بازی کا موقع مِلا تھا جس کی دونوں اننگز میں انہوں نے بالترتیب 34 اور 37 رنز بنائے تھے۔

سوروگنگولی نے کہا کہ انہوں نے سو رنز کی دو شراکتیں بنائیں اور کافی مناسب کھیل پیش کیا۔

سوروگنگولی کوپاکستان کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیئے بھارتی ٹیم
میں شامل نہیں کیا گیا۔

گزشتہ برس سورو گنگولی کو کوچ گریگ چیپل کے ساتھ ہونے والے تنازعہ کے بعد کپتانی سے برطرف کردیا گیا تھا۔ کوچ کے ساتھ جھگڑے کے بعد گنگولی کی بھارتی کرکٹ ٹیم میں جگہ مستحکم نہیں رہی ہے۔