http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 29 January, 2006, 01:02 GMT 06:02 PST

بولیویا کےصدر کا سادہ لباس مقبول

بولیویا کے نئے صدر ایوو مورالیز عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں سوُٹ نہیں پہنتے لیکن ان کی سادگی بھی فیشن بن رہی ہے اور بولیویا کی ایک کمپنی نے ان کے سویٹر کے رنگ کے کپڑے بنانا شروع کر دیے ہیں۔

گزشتہ سال انتخابات میں کامیابی کے بعد سے صدر مورالیز کئئ عالمی رہنماؤں سے ٹائی سوُٹ کی بجائے نیلے اور سرخ رنگ کا دھاری دھار سویٹر پہن کر مِل چکے ہیں۔

سویٹر بنانےوالی ایک کمپنی نے اب کہا ہے کہ اب وہ انہی رنگوں کے سویٹر بنا کر ملک کے ’صدر کی شناخت‘ کے طور پر فروخت کرے گی۔ اس کمپنی کے سویٹر کی قیمت آٹھ ڈالر ہو گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے لباس کا مطالبہ صدر کے حامیوں کی طرف سے کیا گیا تھا اور اسے ’ایوو فیشن‘ کا نام دیا جائے گا۔

جنوبی امریکہ کے قدیم قبائل سے تعلق رکھنے والے مورالیز کو انتخابات میں چوّن فیصد ووٹ پڑے جو انیس سو اسی کی دہائی میں جمہوریت کے بحالی کے بعد کسی بھی امیدوار کو پڑنے والے سب سے زیادہ ووٹ ہیں۔

بولیویا کے ایک مبصر نے خبر رساں ادارے رائیٹرز کوبتایا کہ بولیویا کے لوگوں کو یہ بات پسند آئی ہے کہ مورالیز نے صدر بن کر بھی اپنا مشہور غیر رسمی انداز نہیں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں مورالیز آرمانی جیسی کمپنی کے پہناووں سمیت کوئی مہنگا سوُٹ نہیں پہنیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آرمانی کے سوٹ جنوبی امریکہ کے دیگر ممالک کے صدور میں بہت مقبول ہیں۔