Friday, 09 December, 2005, 12:48 GMT 17:48 PST
ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنس کے آخری روز سفارتکار فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کم کرنے کے معاہدے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کانفرنس کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ہو رہی ہے جہاں سفارتکار سن دو ہزار بارہ میں کیوٹو معاہدے کی مدت کے خاتمے کے بعد اس میں طے کیے گئے اہداف کے بارے میں مذاکرات کے آغاز کے لیے تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔
دریں اثناء اطلاعات کے مطابق امریکہ نے کینیڈا کے وزیر اعظم کی طرف سے تنقید کا برا منایا ہے جس میں انہوں نے امریکہ پر عالمی ضمیر کی آواز سننے کے لیے زور دیا تھا۔
برطانیہ کی ماحولیات کی وزیر مارگریٹ بیکٹ نے کہا ہے کہ اب بھی اس مسئلے پر اتفاق رائے ممکن ہے۔
جاپان کے وزیر ماحولیات نے ترقی پذیر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ماحول کی بقا کے لیے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کی کوشش کریں۔
چین اور بھارت عالمی معاہدے کیوٹو پروٹوکول میں ترقی یافتہ ممالک کے لیے دیے گئے اہداف حاصل کرنے کے پابند نہیں ہیں۔
کانفرنس میں بھارت کے مذاکرات کار اندی مٹھو راجہ کا کہنا ہے کہ پیداوار میں اضافہ اور غربت کا خاتمہ ماحول میں تبدیلی روکنے سے زیادہ اہم ہے۔