Friday, 18 November, 2005, 02:49 GMT 07:49 PST
ہسپانیہ اور پرتگال کے بعد آئیس لینڈ بھی ان ممالک میں شامل ہے جس کے ہوائی اڈے مبینہ طور پر سی آئی اے نے استعمال کیے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے سی آئی اے نے مبینہ طور پر آئیس لینڈ کے ہوائی اڈوں کو مشتبہ شدت پسندوں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا۔
آئیس لینڈ کے ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ سن دو ہزار ایک کے بعد سے سی آئی اے کے جہاز اڑسٹھ بار آئیس لینڈ میں اترے۔
آئیس لینڈ کی حکومت کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکہ سے وضاحت طلب کی ہے لیکن انہیں ابھی تک کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔
جمعرات کو سویڈن کی حکومت نے اپنے ملک میں اسی طرح کی اطلاعات پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ہسپانیہ اور پرتگال بھی کہہ چکے ہیں کہ وہاں اسی طرح کی اطلاعات پر تفتیش ہو رہی ہے۔