Sunday, 18 September, 2005, 17:21 GMT 22:21 PST
ایران نے اقوام متحدہ کی ایٹمی امور سے متعلقہ ایجنسی کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس کے ایٹمی پروگرام کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا تو وہ یورینیم کی افژودگی شروع کر دے گا۔
جوہری پروگرام کا معاملہ سلامتی کونسل میں پیش ہونے کی صورت میں ایران پر پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی آئی اے ای اے کا پیر کو ویانا میں اجلاس ہو رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان حامد رضا آصفی نے کہا کہ مذکورہ ایجنسی کے بورڈ کی طرف سے کوئی سیاسی فیصلہ معاملے کو مزید الجھا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افژودگی ابھی ان کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے لیکن اگر پیر کو آئی اے ای اے کے اجلاس میں کوئی انتہائی فیصلہ ہوا تو وہ اس کے جواب میں وہ بھی کوئی فیصلہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران دھمکی کی زبان نہیں سمجھتی‘۔
اس سے قبل برطانیہ کے وزیر خارجہ جیک سٹرا نے ایران کے صدر کے اس بیان کو غیر معاون قرار دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کو جوہری توانائی پیدا کرنے کا حق حاصل ہے۔
ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ملک کو ایٹمی توانائی کرنے کا حق حاصل ہے جس سے اسے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ایران کے صدر نے کہا تھا کہ اسلام میں جوہری ہتھیار بنانے کی ممانعت ہے۔