http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 30 June, 2005, 06:16 GMT 11:16 PST

دہشتگردی کے خلاف نئے اقدمات

امریکی صدر بش نے ایسے نئے اقدامات کی منظوری دیدی ہے جن کا مقصد بین الاقوامی دہشتگردی کی روک تھام اور وسیع تباہی کے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

یہ ستّر اقدامات ہیں جن کی سفارش اسی سال کے شروع میں ایک خودمختار کمیشن نے کی تھی۔

ان اقدامات کے تحت حکومت جوہری، کیمیائی اور جراثیمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں مدد دینے والوں کی جائداد ضبط کر سکے گی۔

بش انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ خاص طور سے آٹھ کمپنیوں کو نشانہ بنانا چاہتی ہے جن میں سے چار کا تعلق ایران، تین کا شمالی کوریا جبکہ ایک کا شام سے ہے۔

ان میں سے ایک اقدام خفیہ ادارے ایف بی آئی میں ایک داخلہ خفیہ ایجنسی کا قیام بھی ہے۔

یہ اقدام صدر بش کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ خفیہ اداروں کے نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تاکہ ستمبر گیارہ کے حملوں کا پیشگی پتہ لگانے میں ناکامی کے بعد انٹیلیجنس ایجنسیوں پر ہونے والی تنقید کا سدِباب کیا جا سکے۔