Monday, 23 May, 2005, 13:37 GMT 18:37 PST
پاکستانی فوجی حکام نے پیر کے دن اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ افغانستان میں موجود اتحادی فوج کے فائر کیے ہوئے کچھ شیل شمالی وزیرستان میں پاکستانی حدود کے اندرگرے ہیں۔
یہ شیل شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب واقعہ لوارا منڈی کے علاقےمیں گرے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان کے مطابق شیلوں کے پاکستان میں گرنے سے کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ کچھ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ اس واقعہ میں لوگ زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔
ان اطلاعات کے مطابق سنیچر کی شام امریکی فوجوں اور شدت پسندوں کے درمیان افغانستان کے صوبہ پکتیا میں ہونے والی ایک جھڑپ پھیل گئی تھی اور اس دوران کچھ شیل پاکستانی سرحد کے اندرگرے تھے۔ ان اطلاعات میں مقامی شاہدین کے حوالے سے یہ کہا گیا تھا کہ واقعہ میں پانچ قبائلی افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تاہم فوجی ترجمان نے اس کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اتحادی فوج کے مقامی کمانڈرنےشمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے کمانڈر کو سرحد کے قریب کی جانے والی فوجی کاروائی کے بارے میں پہلے سے ہی خبردار کر دیا تھا۔