Friday, 22 April, 2005, 02:38 GMT 07:38 PST
ہسپانیہ میں جمعہ کے روز چوبیس ایسے افراد کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع ہو رہی ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کا القاعدہ کی ہسپانوی شاخ سے تعلق ہے۔
ان چوبیس افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے سنہ دو ہزار ایک میں گیارہ ستمبر کو امریکہ میں ہونے والے حملوں کے لیے مالی اور عملی امداد فراہم کی تھی۔
تمام افراد نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کی ہے۔
ملزموں میں ہسپانیہ میں نشریاتی ادارے الجزیرہ کے ایک سابق نامہ نگار بھی شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ کام کے بہانے افغانستان آتے جاتے تھے اور القاعدہ ارکان کو پیسے پہنچاتے تھے۔
ہسپانیہ میں اس مقدمے کے تفتیشی مجسٹریٹ نے اسامہ بن لادن سمیت اکتالیس افراد پر الزامات لگائے تھے جن میں سے صرف چوبیس حراست میں ہیں۔
زکریا موسوی
امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں کے سلسلے میں مقدمے کا سامنا کرنے والے واحد شخص مراکش نژاد فرانسیسی زکریا موسوی کے بارے میں خیال ہے کہ وہ جمعہ کو سماعت کے دوران اقرار جرم کر لیں گے۔
امریکہ میں استغاثہ کا خیال ہے کہ زکریا موسوی گیارہ ستمبر کے حملوں سے پہلے اگر گرفتار نہ ہو جاتے تو وہ بھی اس دن ہائی جیکروں میں شامل ہوتے۔
بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ زکریا موسوی کی ذہنی حالت کے بارے میں مقدمے کے دوران شدید تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
اس سے قبل ایک موقع پر موسوی نے اقرار جرم کا ارادہ ظاہر کر کے فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا خودکشی کے مترادف ہوگا جو اسلام میں حرام ہے۔