Thursday, 24 February, 2005, 14:00 GMT 19:00 PST
کئی روز کے تعطل اور بحث مباحثے کے بعد فلسطینی پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے نئی کابینہ کی توثیق کر دی ہے۔
نئی کابینہ میں شامل زیادہ تر ارکان اصلاح پسند اور ٹیکنوکریٹس ہیں اور اپنے پیشروؤں کے برعکس بدعنوانی کے الزامات سے مبرا ہیں۔
وزیراعظم احمد قریع نے فلسطینی جماعت فتح اور بعض ارکان پارلیمان کی جانب سے کیے گئے اعتراضات کے سبب یاسر عرفات کی کابینہ میں شامل کئی ارکان کے نام واپس لے لیے تھے۔
تاہم عرفات کے قابل اعتماد ساتھیوں میں سے ایک نبیل شات اب نائب وزیراعظم اور وزیراطلاعات کا قلمدان سنبھالیں گے۔
فلسطین کے سابق چیف مذاکرات کار صائب اراکات نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے پاس آگے بڑھنے کا یہ ہی راستہ ہے۔ صائب اراکات کے پاس اب کوئی وزارتی عہدہ نہیں ہے۔
اسرائیلی وزیرخارجہ سِلوین شلوم نے نئی کابینہ کے تقرر کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔