Friday, 17 December, 2004, 21:19 GMT 02:19 PST
بھارت میں پولیس نے نیلامی کروانے والی ایک ویب سائٹ پر دو طالب علموں کے درمیان جنسی فعل کے مناظر والے ویڈیو کلپ کی فروخت پر اس کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بازی ڈاٹ کام کے اونیش بجاج کو ان کی سائٹ پر وڈیو کی فروخت پر حراست میں لیا ہے۔ کمپنی نے ابتدائی طور پر ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ وڈیو کلپ میں کیا مواد ہے۔
وڈیو میں شامل لڑکے کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔ یہ لڑکا دِلّی کے ایک معروف سکول کا طالب علم ہے اور قانونی طور پر نابالغ ہے۔
سترہ سالہ لڑکے اور اس وڈیو کلپ میں دکھائی گئی سولہ سالہ طالبہ کو سکول سے خارج کر دیا گیا ہے۔
مبینہ طور پر مذکورہ لڑکے نے ریکارڈ کر نے کے بعد یہ موبائل فون کے ذریعے کئی لوگوں کو بھیج دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو منٹ سینتیس سیکنڈ کا کلپ وڈیو سی ڈی پر کاپی کر کے فروخت کیا گیا تھا۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پولیس کے ایک اہلکار نے کہا کہ بازی ڈاٹ کام نے کلپ کی فروخت روکنے کے لیے مناسب اقدام نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ وڈیو کلپ کی فروخت آن لائن پر جاری تھی جس کے بعد انہوں نے کمپنی کے سربراہ کو گرفتار کر لیا۔
حکام نے ملک میں کمپیوٹر کی تعلیم کے ایک مشہور ادارے کے ایک طالب علم کو مذکورہ ویب سائٹ پر یہ کلپ فروخت کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔ کلپ کی قیمت ایک سو پچیس روپے تھی۔