http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 21 November, 2004, 15:25 GMT 20:25 PST

سعودی والد علماء پر مقدمہ کریں گے

عراق میں ہلاک ہونے والے ایک سعودی نوجوان کے والد اطلاعات کے مطابق ان مذہبی عالموں پر مقدمہ کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں جنہوں نے ان کے بقول ان کے بیٹے کو امریکہ کے خلاف ’جہاد‘ پر اکسایا تھا۔

سعودی عرب کے اخبار المدینہ کے مطابق ماجد شبیب العتیبی اپنے چھبیس سالہ بیٹے مقرن کی ہلاکت کا ذمہ دار علماء کو ٹھہراتے ہیں۔

العتیبی کا کہنا ہے کہ علماء نوجوانوں کو غلط راہ پر ڈال رہے ہیں۔ اطلاعات ے مطابق پِچھلے چند ہفتوں میں کئی سعودی باشندے عراق میں یا تو پکڑے گئے ہیں یا پھر ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہفتے کے روز سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ عبد اللہ نے بتایا تھا کہ ملک کی سکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ شدت پسند کو گرفتار کیا ہے جو سعودی عرب کے ایک ہمسایہ ملک پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔