http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 10 October, 2004, 10:09 GMT 15:09 PST

عمر آفریدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کابل

فوجی گیرژن میں گنتی کا مرکز

کابل کے نواح میں واقع قصر دارالامان میں اردوئے ملّی یا افغان فوج کے گیرژن میں افغانستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ پاکستان اور ایران سے آنے والے بیلٹ پیپرز کی گنتی کے لیے مرکز قائم کیا گیا ہے۔

سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پہاڑوں کے دامن میں واقع اس مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔

صبح تقریباً نو بجے سے فوجی ٹرکوں پر کابل کے اطراف سے بیلٹ باکس آنا شروع ہوگئے تھے۔

قصرِ دارالامان، غازی امان اللہ کا محل تھا جو اب کھنڈر بن چکا ہے اور اس کے پیچھے واقع سویت یونین کا فوجی اڈہ جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں، ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کے قبرستان کا منظر پیش کرتا ہے۔

نیپال سے تعلق رکھنے والے کاؤنٹر سینٹر کے ریجنل منیجر سوبودائے ساہا نے بتایا کہ یہاں آٹھ کاؤنٹنگ ہال مختص کیے گئے ہیں جن میں سے ایک پاکستان اور ر ایک ایران میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی کے لیے استعمال ہوگا۔

جبکہ باقی چھ افغانستان کے مختلف علاقوں کے سے موصول ہونے والے صندوقوں میں موجود ووٹوں کی گنتی کے لیے استعمال ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران سے آنے والے باکس ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لائے جائیں گے اور توقع ہے کہ پیر منگل تک پہنچ جائیں گے۔