http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 22 September, 2004, 09:05 GMT 14:05 PST

بغداد حملوں میں 28 ہلاک

امریکی فوج نے بغداد کے علاقے صدر سٹی پر شدید حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں ہسپتال کے ذرائع کے مطابق کم از کم بائیس افراد ہلاک اور ستر زخمی ہو گئے ہیں۔

عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی طیاروں اور توپخانے کی مدد سے رات گئے کی گئی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ رات بھر وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔

صدر سٹی عراقی شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں کا مضبوط گڑھ ہے۔

اس کے علاوہ بغداد کے مغرب میں واقع الجامعہ ہسپتال کے قریب ہونے والے خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

اس دھماکے کے سبب سڑک پر خون میں لت پت لاشیں، شیشوں اور تباہ شدہ گاڑیاں کے ٹکڑے بکھرے دکھائی دے رہے تھے۔

عراقی دارالحکومت میں گزشتہ دو ہفتے سے امریکی فوجوں کے خلاف بم دھماکے کیے جاتے رہے ہیں جن کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے بیشتر افراد عام شہری تھے۔