Friday, 17 September, 2004, 00:57 GMT 05:57 PST
امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیان شب فلوجہ اور رمادی میں مختلف کارروائیوں میں ساٹھ مزاحمت کاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
امریکی فوج کے مطابق مرنے والوں میں اکثر غیر ملکی یعنی باہر سے عراق میں آ کرنے لڑنے والے مزاحمت کار تھے۔
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے مختلف عمارتوں پر کیے گئے جنہیں شدت پسند ابومصعب الزرقاوی کے ساتھی استعمال کر رہے تھے۔
تاہم فلوجہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہاں چودہ زخمیوں کا علاج ہو رہا ہے جن میں اکثر عورتیں اور بچے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ طیاروں کی بمباری سے عام لوگ بھی زخمی ہوئے تاہم اس بارے میں اطلاعات مکمل نہیں ہیں۔
یہ حملہ جمعرات کی رات شروع کیا گیا تھا اور امریکی فوج کے بیان کے مطابق جسے خبر رساں ادارے رائٹرز نے جاری کیا یہ کہا گیا ہے کہ لگ بھگ نوے غیر ملکی مزاحمت کاروں پر حملہ کیا گیا تھا۔
جمعرات کو انبار کے صوبے میں تین امریکی میرین ہلاک ہو گئے تھے۔