http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 04 September, 2004, 02:08 GMT 07:08 PST

خونریزی کی وسیع پیمانے پر مذمت

دنیا بھر کے رہنماؤں نے اوسیٹیا میں سکول کے محاصرے کو ختم کرانے میں ہونے والی خونریزی کی شدید مذمت کی ہے۔

امریکی صدر جارج بش نے کہا کہ شمالی اوسیٹیا میں اتنے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہمیں ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ دہشت گرد مہذب اقوام کو زک پہنچانے کے لئے کہاں تک جا سکتے ہیں۔

یورپی یونین نے اظہار تعزیت کیا ہے لیکن ندرلینڈ کے وزیر خارجہ نے، جن کے ملک کے پاس یورپی یونین کی رواں صدارت ہے، کہا ہے کہ یورپی یونین ماسکو سے کہے گی کہ یہ وضاحت کرے کہ یہ سانحہ کیسے ہوا۔

چینی وزارت خارجہ نے اسے ظالمانہ واردات قرار دیا ہے۔ عالم عرب نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے ابھی تک کوئی بیان نہیں دیا ہے لیکن ماسکو سے بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ وہ جب بیان دیں گے تو خون خرابے کا ذمہ دار عسکریت پسندوں کو قرار دیں گے۔