Saturday, 28 August, 2004, 15:07 GMT 20:07 PST
روس میں چند روز قبل دو مسافر جہازوں کی تباہی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے کام کرنے والے حکام کا کہنا ہے کے انہیں دونوں جہازوں کے ملبے سے دھماکہ خیز مواد کے ذرات مِلے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ماسکو کے ہوائی اڈے سے چند منٹوں کے وقفے سے اڑنے والے دو مسافر جہاز تباہ ہو گئے تھے۔
جمعہ کے روز ایک جہاز کے ملبے سے دھماکہ خیز مواد کے ذرات ملنے کے بعد روسی حکام نے ”دہشت گردی” کو جہازوں کی تباہی کی وجہ بتائی تھی۔
اطلاعات کے مطابق تفتیش کاروں کو دو خاتون مسافروں پر شبہ ہے جن کا ان کے خیال میں چیچنیا سے تعلق تھا۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں مذکورہ عورتوں کی لاشوں کی وصولی کے لیے کوئی سامنے نہیں آیا۔
ان دونوں واقعات میں جہازوں کے عملے سمیت کل نواسی افراد ہلاک ہوئے تھے۔