Thursday, 26 August, 2004, 02:16 GMT 07:16 PST
بش کی انتخابی ٹیم کے ایک وکیل نے اس اعتراف کے بعد استعفی دے دیا کہ ان کے تعلقات اس گروپ سے تھے جس نے بش کے حریف امیدوار جان کیری پر اپنے جنگ کے ریکارڈز کے بارے میں جھوٹ بولنے کا الزام لگایا تھا۔
بینجمن جنسبرگ نے اس گروپ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ویتنام کی جنگ میں جان کیری کی بہادری کے بارے میں سوال کرے۔
صدر بش اور ان کے ڈیمو کریٹ حریف جان کیری کے جنگ کے ریکارڈ اس انتخابی مہم میں بہت اہم موضوع بن گئے ہیں۔
جان کیری کی ٹیم نے الزام لگایا تھاکہ یہ گروپ ریپبلیکن پارٹی کی انتخابی مہم کا مورچہ بنا ہوا ہے۔
کیری کے ترجمان نے کہا کہ بینجمن جنسبرگ کا استعفی اس بات کا ایک اور کھلا ثبوت ہے کہ بش کی انتخابی مہم سے اس گروپ کا تعلق ہے۔
بش کی ٹیم نے کئی مرتبہ اس گروپ کے ساتھ کسی طرح کے تعلق سے تردید کی تھی۔نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جان کیری نے ویتنام کی جنگ میں پانچ میڈلز حاصل کیے تھے۔